حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،سربراہ تنظیم المکاتب حجۃ الاسلام و المسلمین مولانا سید صفی حیدر زیدی نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حاج آقای لطف اللہ صافی گلپایگانی رضوان اللہ تعالیٰ کی رحلت پر اظہار تعزیت کیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛
بسم اللہ الرحمن الرحیم
انتہائی افسوس ناک خبر موصول ہوئی کہ عالم ربانی، فقیہ صمدانی، اسوہ علم و فقاہت، پاسبان دین و مذہب مرجع عالی قدر حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حاج آقای لطف اللہ صافی گلپایگانی رضوان اللہ تعالیٰ نے رحلت فرمائی.
انا للہ وانا الیہ راجعون
رحمن و رحیم اور ارحم الراحمین پروردگار کی آپ پر رحمت ہو کہ آپ کی با برکت اور پاکیزہ زندگی احیاء امر اہلبیت علیہم السلام میں بسر ہوئی۔
آیۃ اللہ العظمیٰ حاج آقای لطف اللہ صافی گلپایگانی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ مکتب اہلبیت علیہم السلام کے عظیم مبلغ اور پاسبان، معلم اور مربی تھے۔ آپ نے کئی نسلوں کی تربیت فرمائی اور ایتام آل محمد علیہم السلام کی کفالت فرمائی۔
دین اسلام اور مذہب اہلبیت علیہم السلام کی تبلیغ و ترویج اور دفاع میں جہاں طلاب کو زیور تعلیم و تربیت سے آراستہ کیا وہیں اسی سلسلہ میں مختلف عناوین پر کتابیں بھی تالیف فرمائی جنمیں مشہور کتاب "منتخب الاثر فی الامام الثانی عشر" ہے جو امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی معرفت میں بہترین مددگار ہے۔ آپ ایک عظیم مداح اہلبیت علیہم السلام بھی تھے آپ کا دیوان "فروغ زیارت" کے نام سے طبع ہوا۔
آپ آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی، آیۃ اللہ العظمیٰ حجت، آیۃ اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپایگانی، آیۃ اللہ العظمیٰ محمد کاظم شیرازی اور آیۃ اللہ العظمیٰ جمال الدین گلپایگانی رحمۃ اللہ علیہم کے شاگرد تھے۔ تحریک انقلاب کے سرگرم رکن تھے کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد رہبر کبیر انقلاب امام خمینی قدس سرہ نے آپ کو کئی اہم ذمہ داریاں دیں جنہیں آپ نے کماحقہ ادا کیا۔
آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپایگانی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت عظیم دینی، مذہبی، علمی، حوزوی اور قومی خسارہ ہے جس کی بھرپائی ممکن نہیں۔ بلکہ ایک عہد کا خاتمہ ہے۔
بارگاہ معبود میں دعا ہے کہ رحمت و مغفرت نازل فرمائے اور اعلیٰ علیین میں بلند مقام مرحمت فرمائے۔
ہم اس عظیم مصیبت پر سوگوار ہیں اور اپنے مولا و آقا حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف، اسلامی انقلاب کے عظیم قائد حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف، علمائے اعلام، آیات عظام، مراجع کرام، حوزات علمیہ اور سوگوار کنبہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہیں۔
سوگوار
سید صفی حیدر زیدی
سکریٹری تنظیم المکاتب